صفحات

اتوار، 23 مئی، 2021

گنج شائگاں - ڈاکٹر راہی فدائی - تعارف کتاب - وصی بختیاری ‏

السلام علیکم ورحمة الله وبركاته.
خیریت حاصل و مطلوب۔

پانچ سال قبل 23 مئی 2016 کو کڈپہ میں ادبی تنظیم "اردو والے" کی جانب سے حضرت مولانا ڈاکٹر راہی فدائی صاحب قبلہ کی مرتب کردہ کتاب، کلیاتِ قصائد "گنجِ شائگاں" کی رسمِ اجراء منعقد ہوئی تھی۔ پروگرام کے منتظم پروفیسر قاسم علی خان صاحب تھے اور صدرِ اجلاس پروفیسر ستار ساحر صاحب تھے۔ اس رسمِ اجراء کی تقریب میں مجھ عاجز نے کتاب کا مختصر تعارف پیش کیا تھا۔ اس ویڈیو میں اسی تعارفی تقریر کو پیش کیا گیا ہے۔
وصــی بــخــتـــیـــاری عمری

کلیات قصائد گنجِ شائگاں کے مقدمہ کے آخر میں، مرتب کتاب مولانا ڈاکٹر راہی فدائی صاحب نے فلک شکوہ محمد علی مہکری آصف خانہ زاد (گورنر عہد ٹیپو سلطان شہید) کے شاعرانہ کمالات اور اس عہد کی دکنی اردو کا تعارف کرتے ہوئے لکھتے ہیں: 
"حاصل کلام یہ کہ حضرت خانہ زاد نہ صرف عالم و فاضل اور صاحب ورع واہل نسبت تھے بلکہ ایک بہترین شاعر، قصیدہ نگار اور بلند فکر سخنور کی حیثیت سے بھی آپ کا مقام ارفع و اعلی تھا۔ آپ کے کلام کے محاسن کماحقہ دریافت کرنے کے لیے گنج شانگاں کا مطالعه مد و معاون ثابت ہوگا۔ آپ نے اپنے منصب گورنری کی سرکاری مصروفیات کے باوجود اور حکومت خداداد کی اہم ترین ذمہ داریوں کے باوصف شعر و سخن اور فکر و فن میں بھی جولانیاں دکھائیں۔ آپ کا کمال اور آپ کی ہنرمندی آپ کے اشعار سے نمایاں ہے۔ آپ نے اس وقت جب کہ اردو محاوراتی زبان اور دکنی مروجہ زبان کا سنگم ہورہا تھا، ایسی شاعری کی ہے جس سے دونوں طبقوں کو شاید ہی کسی طرح کی شکایت کا موقع ملے۔ علاوہ ازیں آپ نے اس وقت تک کی مروجہ قصیدہ نگاری کی راہ سے خودکوکسی قدر ہٹا کر اپنی ایک مخصوص راہ نکالنے کی سعی کی ہے۔ آپ نے کہیں بہت زیادہ بلند بانگ دعوے نہیں کئے ہیں۔ کہیں کہیں شاعرانہ تعلی کی جھلک نظر آتی ہے مگر وہ حدیث نعمت کے طور پر ہے فخر و مباحات کے طریقے پر نہیں۔ راقم کی یہ خواہش ہے کہ اس پر ہمارے اہل علم و فضل اور نقادان سخن کھلے ذہن و دل سے سوچیں اور اپنی بے لاگ رائے قائم کریں۔ (گنجِ شائگاں، صفحہ 36 اور 37)

ڈاکٹر راہی فدائی صاحب کی مرتب کردہ کتاب کلیاتِ قصائد "گنجِ شائگاں" دکنی کلیاتِ فلک شکوہ محمد علی مہکری آصف خانہ زاد — 23 مئی 2016 کو کڈپہ میں "اردو والے" کی جانب سے منعقدہ رسمِ اجراء میں ڈاکٹر وصی بختیاری عمری کی تعارفی تقریر
*****
#ڈاکٹر_راہی_فدائی 
#راہی_فدائی 
#وصی_بختیاری
#تعارف_کتاب #کتاب_شناسی #دکنی_ادب #دکنیات #کلیات #رسمِ_اجراء

بدھ، 11 ستمبر، 2019

سید ولی اللہ بختیاری کا وائیوا

سید ولی اللہ بختیاری کا وائیوا
نہایت خوشی و مسرت کے ساتھ یہ اطلاع دیتے ہوئے شادمانی اور فرحت و انبساط کے جذبات محسوس کر رہا ہوں کہ آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ مینجمنٹ میں بزنس ایڈمنسٹریشن میں برادرم سید ولی اللہ بختیاری صاحب کا پی ایچ ڈی وائیوا کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا- میں ان کی خدمت میں پُر خلوص مبارکباد، ہدیۂ تبریک و تہنیت اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں-
Syed Valiullah Bakhtiyari

منگل، 13 اگست، 2019

ڈاکٹر حسن الدین احمد کا انتقال

ڈاکٹر حسن الدین احمد صاحب (آئی اے ایس) کے انتقال کی خبر موصول ہوئی-
إنا لله وإنا إليه راجعون.
الله تعالٰی ان کی مغفرت فرمائے اور انھیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین.

ڈاکٹر حسن الدین احمد، آئی اے ایس افسر تھے- وہ نواب دین یار جنگ بہادر کے فرزند اور نواب رکن الدین احمد، اکاؤنٹنٹ جنرل، ریاست حیدرآباد کے داماد تھے-
ڈاکٹر حسن الدین احمد آئی اے ایس افسر کی حیثیت سے مختلف انتظامی عہدوں پر فائز رہے- وہ آندھرا پردیش وقف بورڈ اور مائنارٹیز کمیشن کے چیرمین بھی رہے- انہوں نے انگریزی شاعری کے منظوم اردو تراجم پر تحقیق کی اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی-
ڈاکٹر حسن الدین احمد نے اردو میں کئی کتابیں لکھی ہیں- ورق ورق جستجو (مضامین کا مجموعہ)، انگریزی شاعری کے منظوم اردو تراجم، ہندوستان کا معاشرتی نظام، اردو الفاظ شماری، فطری علاج کے علاوہ انجمن، محفل اور مجلس، خاکوں کے اہم اور دلچسپ مجموعے ہیں-
ڈاکٹر حسن الدین احمد کا 95 سال کی عمر میں آج صبح تقریباً چھ بجے انتقال ہو گیا- وہ کچھ عرصے سے علیل اور فریش تھے- ان کے انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا- الله رب العزت غریق رحمت فرمائے،آمین.
جناب سید معظم راز صاحب سے موصولہ اطلاع کے مطابق
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج بروز منگل 13 اگست، بعد نماز ظہر (وقت نماز ظہر سوا بجے دوپہر) مسجد عزیز جنگ، نور خان بازار میں ادا کی جائے گی اور تدفین قبرستان مسجد الماس، چادگھاٹ عمل میں آئے گی-

بدھ، 7 اگست، 2019

سید نصر اللہ بختیاری کا وائیوا

بڑی خوشی و مسرت کے ساتھ یہ اطلاع دیتے ہوئے فرحت و انبساط محسوس کر رہا ہوں کہ  اللَّه رب العزت کے فضل و کرم سے آج بتاريخ 7/ اگست 2019ء، بروز بدھ، برادرِ عزیز القدر سید نصر اللہ بختیاری سلّمہ الباری کے انگریزی ادب میں پی. ایچ. ڈی کا وائیوا منعقد ہوا-
وائیوا کے ممتحن ڈاکٹر وی. پی. انور سادات صاحب تھے جب کہ ان کے تحقيقی مقالے کے نگران کار جناب ڈاکٹر ایم. فاروق صاحب، صدرِ شعبۂ انگریزی، سی. عبد الحکیم کالج اٹانامس، میل وشارم، تامل ناڈو رہے-
جناب سید نصر اللہ بختیاری کے انگریزی ادب میں تحقيقی مقالے کا عنوان ہے:
"مملکت، مذہب اور مصوری: اورحان پامُک کے منتخب ناولوں کا مطالعہ"
The State, Religion and Art: A Study of the Select Novels of Orhan Pamuk
عالی جناب ایس. ضیاء الدین صاحب (جنرل سیکرٹری، میل وشارم مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی، میل وشارم) جناب. کے. انیس احمد (کرسپانڈنٹ، میل وشارم مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی)، پرنسپل ڈاکٹر ایس. اے. ساجد صاحب، ڈاکٹر محمد یاسر(شعبۂ اردو)، ڈاکٹر تمیم منصور(شعبۂ تامل)، ڈاکٹر وصی بختیاری، سی. عبد الحکیم کالج اٹانامس، میل وشارم کے پروفیسرز، لیکچرارز، ریسرچ اسکالرز، شعبۂ انگریزی دی نیو کالج چینائی کے پروفیسرز، دیگر کالجوں کے لیکچرارز کے علاوہ اہلِ خانہ، اعزہ و أقارب وائیوا میں شریک رہے-
ڈاکٹر ایم. فاروق نے کہا کہ جناب سید نصر اللہ بختیاری ایک پرفیکٹ محقق ہیں، انہوں نے موضوع کے ساتھ کما حقہ انصاف کیا ہے- ان کے تحقيقی مقالے پر نیشنل اور انٹرنیشنل ممتحنوں کی آراء بہت شاندار رہیں اور مقالہ کی ستائش کی گئی ہے-
ترکی کے ناول نگار اورحان پامُک نے ترکی کے تاریخی پس منظر میں اپنی ناولوں میں ملک ترکی، مذہب اور آرٹ کے ضمن میں اسلامی طبقات اور تجدد پسندوں کے درمیان طبقاتی کشمکش کو اجاگر کیا ہے-
سامعین کی جانب سے سوالات کی بوچھاڑ کی گئی-  تقریباً پندرہ شرکاء نے سوالات پوچھے- سوالات میں ترکی کا ماضی، ترکی میں مشرقیت و مغربیت کا مقابلہ، استنبول — ایک شہر کی یادداشت، سنو (جہاں برف گرتی ہے)، سرخ میرا نام اور دیگر ناولوں کے حوالے سے پوچھے گئے-
ڈاکٹر انور سادات نے تقریباً دس سوالات کئے- انہوں نے قسطنطنیہ، خلافتِ عثمانیہ، مغربیت اور اسلامیت کے تصادم وغیرہ پر سوالات اٹھائے گئے- ممتحن نے ایک سوال یہ بھی پوچھا کہ اورحان پامک نے اپنے ناولوں میں اپنے ملک ترکی کے ماضی کو روشن اور شاندار بنا کر پیش کیا ہے یا اس پر منفی رویہ کا اظہار کیا ہے؟ ایک سوال یہ بھی تھا کہ کیا پامک مغرب پسند ہیں اور انہوں نے مغربی تہذیب سے مرعوب ہو کر اپنے ملک کے ماضی کو پیش کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اورحان پامک کے ناولوں میں استعارے، تشبیہات، علامات، تاریخی کردار، فرضی کردار کے علاوہ تصوف کی علامات، مذہبی اشارات اور اساطیر وغیرہ کی بہتات ہے- جس کی وجہ سے پامک کا مطالعہ آسان نہیں ہے-
سوالات جوابات کے بعد ڈاکٹر انور سادات نے حتمی طور پر کہا کہ جناب سید نصر اللہ بختیاری نے اپنے موضوع کا بھرپور حق ادا کیا ہے- انہوں نے بہترین مقالہ تحریر کیا ہے- میں انہیں مبارکباد دیتا ہوں- انہوں نے کہا کہ میں جناب سید نصر اللہ بختیاری کے مقالے اور سوالات کے عمدہ جوابات سے اپنے اطمینانِ کلی کا اظہار کرتا ہوں اور انہیں پی. ایچ. ڈی. کی ڈگری کا مستحق قرار دیتا ہوں کہ ترولّور یونیورسٹی انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری ایوارڈ کرے- میں انہیں ڈاکٹر سید نصر اللہ بختیاری قرار دے رہا ہوں-
ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر ایس. محمد یاسر، نیو کالج اور دیگر کالجوں کے اساتذہ نے نصر اللہ بختیاری کو مبارکباد پیش کی- مقالہ نگار نے تمام شرکاء اور متعلقین کا شکریہ ادا کیا، اس طرح تین گھنٹوں پر مشتمل اس وائیوا کا اختتام عمل میں آیا- بعد ازاں شعبۂ اردو میں پُر تکلف ظہرانہ کا انتظام کیا گیا-
الحمد لله الذي بنعمته تتم الصالحات.
___وصی بختیاری،
میل وشارم، 7 اگست، 2019ء.
...

جمعرات، 23 نومبر، 2017

ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی ، کرنول میں رجسٹرار کا تقرر

ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی ، کرنول میں رجسٹرار کا تقرر 


رپورٹ : ڈاکٹر وصی بختیاری عمری، رائے چوٹی
vasibakhtiary@gmail.com 

آج 23 نومبر 2017ء کو ڈاکٹر شاہدہ اختر صاحبہ نے کرنول میں ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی میں بحیثیت رجسٹرار جائزہ حاصل کیا۔ وہ اردو یونیورسٹی میں سابق رجسٹرار پروفیسر ستار ساحر کی جگہ لے رہی ہیں، جن کی معیاد 23 اگست 2017ء کو ختم ہو گئی تھی۔
وائس چانسلر پروفیسر مظفر علی شہہ میری نے رجسٹرار صاحبہ کا یونیورسٹی میں استقبال کیا۔ انہیں یونیورسٹی میں رجسٹرار کے عہدے پر تقرر نامہ عطا کیا۔ تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ 
ڈاکٹر شاہدہ اختر صاحبہ کا تعلق علاقہ آندھرا پردیش کے گنٹور سے ہے۔تدریسی میدان میں ان کا تعلق شعبہ کمپیوٹر سائنس سے ہے۔ وہ صدرشعبہ کمیوٹر سائنس کی حیثیت سے خودمختار زنانہ کالج، گورنمنٹ کالج فار ویمن اٹانامس، گنٹور میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ انہوں نے آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی ، گنٹور سے کمپیوٹر سائنس میں بی ایس سی، ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی۔ انہوں نے برلا انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس ، پلانی سے سافٹ ویئر سسٹم میں ایم ایس کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ انہیں تقریباً بیس سالہ تدریسی و انتظامی تجربہ حاصل ہے۔ وہ آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی ، گنٹور کی ایگزیکیٹیو کاؤنسل کی رکن بھی ہیں۔ 
ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی ، کرنول ، ایک ریاستی جامعہ ہے۔ مقننہ آندھرا پردیش کی جانب سے قائم شدہ اس یونیورسٹی کاسنگ بنیاد آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ جناب نارا چندرا بابو نائیڈو نے 9 نومبر 2015ء کورکھا تھا۔
17؍ اگست 2016ء سے باقاعدہ کلاسس کا آغاز ہوا۔ اس نو زائیدہ یونیورسٹی کی کارکردگی اور اس کی کلاسس ایک سال تک عثمانیہ کالج کرنول کی عمارت میں ہوئیں۔ فی الحال یونیورسٹی ‘ ایک کشادہ عارضی عمارت میں چل رہی ہے۔حکومت کی جانب سے کرنول کے نواح میں بمقام ’ اورواکل ‘ 144 ایکڑ اراضی اردو یونیورسٹی کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس یونیورسٹی میں اس وقت آٹھ کورسز چل رہے ہیں۔ چار پی جی کے کورسز اور چار انڈر گریجویٹ آنرز کے کورسز۔ایم اے اردو، ایم اے انگریزی، ایم اے معاشیات اور ایم کام کے علاوہ بی اے اردو ، بی اے اکنامکس اور بی کام و بی ایس سی کے کورسس چلا ئے جا رہے ہیں۔ 
یقین ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے چند پروفیشنل کورسز کے علاوہ انٹگریٹیڈ ایم ایس سی وغیرہ کئی کورسز شروع کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مظفر علی شہہ میری یونیورسٹی کو ایک اعلیٰ تعلیم و تحقیق کا مرکز بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

(ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری عمری ، اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبۂ اردو ، گورنمنٹ ڈگری کالج، رائے چوٹی، ضلع کڈپہ ، آندھرا پردیش۔ )
vasibakhtiary@gmail.com
9441905026

-- 





جمعہ، 10 نومبر، 2017

مولانا حبیب الرحمٰن زاہد اعظمی عمری کا انتقال پُر ملال

حضرت مولانا حبیب الرحمٰن زاہد اعظمی عمری رحمه اللّه — مدیرِ ماہنامہ راہِ اعتدال و ڈائرکٹر ادارہ تحقیقاتِ اسلامی، جامعہ دار السلام عمرآباد... آج بتاریخ 10 نومبر 2017ء کی صبح اولین ساعتوں میں انتقال کر گئے-
إنا لله وإنا إليه راجعون.
اللهم اغفر له و ارحمه و أدخله فصیح جناتك.